(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی عالم دین کا کہنا ہے کہ صیہونی ریاست انسداد کورونا وائرس کی مہم کو قبلہ اول کے خلاف اپنے مجرمانہ اور مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے استعمال کررہی ہے تاہم مسجد اقصیٰ کے محافظ مقدس مقام کی حفاظت کریں گے۔
فلسطینی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے القدس اوقاف کونسل کے چیئرمین اور ممتاز فلسطینی عالم دین الشیخ عبدالعظیم سلھب نے کہا ہےکہ مسجد اقصیٰ کے حوالے سے قابض صیہونی ریاست کا تبدیل ہوتا ہوا مجرمانہ طرز عمل فلسطینی قوم کو مزید پرعزم انداز سے قبلہ اول کےدفاع کی دعوت دیتا ہے، قابض ریاست کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں اذان اور نماز کی ادائیگی پرعائد کی گئی اسرائیلی پابندیوں کے باوجود قبلہ اول کے محافظ ہی مقدس مقام کی حفاظت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کو قبلہ اول کے خلاف اپنے مجرمانہ اور مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے استعمال کررہے ہیں تاہم مسجد اقصیٰ کے محافظ باقاعدگی کے ساتھ قبلہ اول کے دفاع اور مقدس مقام کی حفاظت کی ذمہ داری پوری کریں گے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی فوجی حکام نے عالمی وبا ء کورونا وائرس کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں مسجد اقصیٰ میں نماز اور اذان کی ادائیگی پرپابندی عائد کردی تھی، اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں نماز کے لیے آنے والے فلسطینیوں کو گرفتار کرنا شروع کیا تھا، قابض فوج نے الشیخ عبدالعظیم سلھب کو بھی حراست میں لیا تھا تاہم انہیں بعد ازاں رہا کردیا گیا۔