(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض ریاست اسرائیل میں فوج کے وحشیانہ تشدد کے مناظر سے خوف و گھبراہٹ کے باعث فلسطینی خاتون دل کے دورے کے نتیجے میں فوت ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز قابض ریاست میں مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی قصبے ابو نجم میں اسرائیلی فوج کی جانب سے علی الصبح فلسطینیوں کے گھروں پر دھاوا بول کر تلاشی کے بہانے گھروں میں داخل ہونے والے صہیونی فوجی اہلکاروں نے متعدد فلسطینی باشندوں کو بے رحمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی املاک کو بھاری نقصان پہنچایا۔
صہیونی فوج کی ظلم وجبر کی اس پر تشدد کارروائی کےدوران ایک 67 سالہ فلسطینی خاتون رحمتہ خلیل ابو عھور جو اپنے بیٹے کے گھر پرموجود تھیں صہیونی فوجی تشدد کے وحشیانہ مناظر دیکھ کر خوف اور گھبراہٹ میں مبتلا ہونے کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوگئیں۔
واضح رہے کہ قابض فوج کے ہاتھوں فلسطینی رہائشیوں پر وحشیانہ تشدد اور ان کے گھروں میں داخل ہوکر گھروں کی قیمتی شئے کی توڑ پھوڑ کے ساتھ املاک کا بھاری نقصان قابض ریاست میں رہنے والے ہر فلسطینی کے لیے معمول کی بات بن چکی ہے تاہم کمزور دل حضرات اور معصوم بچے ان کارروائیوں کی سنگینی سے خوف زدہ رہتے ہیں۔