(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صہیونی فوج کی معصوم فلسطینیوں کے خلاف بربریت اور پرتشدد کاروائیوں کا سلسلہ جاری۔16 سالہ فلسطینی لڑکی کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض صیہونی ریاست کی شقی القلبی قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے اور اس کی دست برد سے فلسطینی جوان،بزرگ،بچے اور خواتین بھی محفوط نہیں رہے۔
گزشتہ روز بھی ایک ایسا ہی دلخراش واقع پیش آیا جب اسرائیلی فوج نے فاطمہ حجازی نامی 16 سالہ فلسطینی لڑکی کو سر میں گولی مار کر زخمی کر دیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ لڑکی پر اس وقت گولی چلائی گئی جب وہ اپنے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم تھامے اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاج کر رہی تھی ۔
عینی شاہدین کا یہ بھی کہنا تھا کہ لڑکی مکمل طور پر غیر مسلح تھی اور بلاجواز اسکو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔زخمی ہونے کے بعد لڑکی کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسکی حالت خطرے میں بتائی جا رہی ہے۔