(رو ز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صہیونی فوج کے ہاتھوں شہادت کا رتبہ حاصلے کرنے والے فلسطینی مجاہد محمود الادھم کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی،محمود الادھم کو انکے آبائی علاقے میں سپردخاک کیا گیا،انکو سفر آخرت پر روانہ کرنے لیے ہزاروں افراد جنازہ گاہ میں موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق قابض صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف بر سر پیکار اسلامی مزاحمتی تنظیم کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے رکن 28 سالہ محمود الادھم جن کو دو روز قبل قابض اسرائیلی فوج نے مشرقی غزہ میں فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا کا نماز جنازہ آبائی علاقے میں ادا کر دیا گیا۔
تدفین سے قبل انکا جسد خاکی انکے آبائی علاقے جبالیا میں لے جایا گیا ،اس موقع پر ان کے اہل خانہ اور اہل محلہ شدت غم سے نڈھال تھے اور میت پہنچنے پر وہاں کہرام مچ گیا۔
شہید کی نمازہ جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی عوام نے شرکت کی اوراسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف نعرے بازی کی،جنازے کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی قیمتی جانوں کی قربانی دیتے رہیں گے لیکن اسرائیلی تسلط کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔