(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے صدر کا کہنا ہے کہ فلسطین میں انتخابات کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں صرف اسرائیل کی جازت کے منتظر ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ اداروں کو مضبوط کیا جائے۔
مقبوضہ فلسطین میں انتخابات کے حوالے سے تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں صدر محمود عباس نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں انتخابات کے حوالے سے فلسطینی سیاسی قوتوں کے ساتھ رابطے کے ذریعے اپنے اہداف کے حصول کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں ، فی الحال ہم القدس، غزہ اور غرب اردن میں انتخابات کرانے کے لیے کوشاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کا انعقاد مقبوضہ بیت المقدس، مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ میں ہونا چاہیے اس حوالے سے ہماری تیاریاں مکمل ہیں بس اسرائیل سے اجازت کے منتظر ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کررہا ہے ہے اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کےچیئرمین حنا ناصر نے تمام فلسطینی سیاسی جماعتوں کی قیادت سے رابطے کیے ہیں اور ہمیں بتایا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ نے انتخابات میں حصہ لینے کی حمایت کی ہے۔
صدر عباس نے کہا کہ ہم نے اسرائیل کو سرکاری طور پرپیغام بھیجنا ہے اور ہم اپنے دوستوں کو بھی اس حوالے سے مطلع کرچکے ہیں۔ یورپی یونین کو بھی کہا ہے کہ وہ اسرائیل سے بات کرے مگر ابھی تک اسرائیل کی طرف سے ہمیں کوئی جواب نہیں ملا۔