(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج کی جانب سے گزشتہ منگل کے روز نماز فجر کے وقت فلسطینیوں کو مسجد ابراہیمی میں نماز کے لیے داخلے کی اجازت دی گئی تھی تاہم نماز ظہر میں فلسطینیوں کی مسجد میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق صیہونی فوج کی جانب سے ایک بار پھر فلسطینی نمازیوں کے مقبوضہ بیت المقدس کے شہر الخلیل کی تاریخی مسجد ابراہیمی میں داخلے پرپابندی عاید کردی ہے، صیہونی فوج نے مسجد ابراہیمی کے باہر الیکٹرانک گیٹ نصب کرنے کے ساتھ ساتھ مسجد کو ملانے والے تمام راستے بند کردیے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے مسجد ابراہیمی میں 50 سے زاید نمازیوں کے داخلے پرپابندی عاید کردی اور مسجد کے باہر جمع نمازیوں کو زبردستی وہاں سے پیچھے دھکیل دیا۔
مسجد ابراہیمی کے ڈائریکٹر حفظی ابو اسنینہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا منصوبہ تیارکیا ہے، اسرائیلی ریاست ایک سوچے سمجھے منصوبے تحت فلسطینی نمازیوں کو مسجد ابراہیمی میں داخلے سے روک رہی ہے۔ اسرائیلی پابندیاں فلسطینیوں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کی مذموم کوشش ہے۔