(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے آج ترکی کے دارالحکومت استنبول میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس شروع ہو رہی ہے جس میں فلسطینیوں کے خلاف صہیونی ریاست کے مجرمانہ ، نسل پرستی اور توسیع پسنداقدامات پر غور اور بحث کی جائےگی ۔
مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے استنبول میں منعقد ہونے والی یہ کانفرنس 29 سے 30 نومبر تک جاری رہے گی جس میں عالمی ماہرین اورمسلمان ممالک کے وفود شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں فلسطینی اراضی پراسرائیلی ریاست کے نسل پرستانہ طرز عمل، نسلی امیتاز اور فلسطینیوں کے خلاف برتے جانے والے ناروا امتیازی سلوک پر بحث کی جائے گی۔کانفرنس کے انعقاد کا مقصد قابض صہیونی ریاست کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف برتے جانے والے نسلی امتیاز کی روک تھام، اس حوالے سے عالمی برادری کی اجتماعی ذمہ داریوں کے تعین، نسل پرستی کی روک تھام کے لیے سول سوسائٹی کے کردار اور اسرائیل پرفلسطینیوں کے خلاف نسل پرستی کے مظاہر کی روک تھام کے اقدامات کیے جائیں گے۔
کانفرنس میں ماہرین تعلیم، دانشور، سفارت کار،انسانی حقوق کے مندوبین، فن کار، سیاسی رہ نما اور نسل پرستی کے خلاف سرگرم بین الاقوامی کارکن شرکت کریں گے۔توقع ہے کہ استنبول کانفرنس کے اختتام پر ایک اعلامیہ جاری کیا جائےگا جس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے نسل امیتاز کی روک تھام کے لیے سفارشات وضع کی جائیں گی۔کانفرنس میں ترک صدر کے مشیر عدنان تانری فاردی، نسل پرستی مخالف عالمی تنظیم کے چیئرمین ڈاکٹر ریما خلف، آلاسکوا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر علی کرت اور فلسطینی عیسائی رہ نما بشپ عطا اللہ حنا سمیت سیکڑوں عالمی شخصیات شرکت کریں گی۔