(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے غزہ کے مختلف علاقوں میں سفاک فوج پر شدید حملے کیے جن میں جدید مارٹر گولوں کا استعمال کرتے ہوئے فوجی گاڑیوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں کئی قابض فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ مرکاوا ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔
اسلامی جہاد کی عسکری شاخ القدس بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق مجاہدین نے غزہ کے صبرہ علاقے میں الاصیل چوراہے کے قریب جابر فوج کے مرکاوا ٹینک کو اینٹی ٹینک میزائل سے تباہ کیا۔
دوسری جانب حماس کی عسکری شاخ القسام بریگیڈ نے دعوی کیا کہ اس کے جنگجوؤں نے تل الهوا کے علاقے میں برج الصالحی کے جنوب میں ایک اور مرکاوا ٹینک کو یاسین ایک سو پانچ مارٹر گولے سے نشانہ بنایا۔ اسی علاقے میں مسجد عمار بن یاسر کے قریب ایک صہیونی بکتر بند گاڑی کو بھی ٹیندوم گولے سے تباہ کیا گیا۔
مزاحمتی گروہوں کے مطابق ایک گھر پر حملے کے لئے جمع ظالم اسرائیلی فوجیوں کو اینٹی پرسنل میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس میں کئی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ التفاح کے علاقے میں ایک غاصب قاتل فوجی کو نشانہ باز نے گولی مار کر جہنم واصل کر دیا۔
فلسطینی مزاحمت کی جانب سے یہ حملے صہیونی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائیوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد قابض افواج کو نقصان پہنچانا اور غزہ میں ان کی پیش قدمی کو روکنا ہے۔