غزہ ۔ روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ
قابض اسرائیلی جنگی ڈرون نے غزہ کے مشرق میں ایک سکول کے دروازے کو نشانہ بنا ڈالا جو بے گھر اور پناہ گزین فلسطینی خاندانوں کا واحد سہارا تھا۔ اس وحشیانہ حملے میں 10 سے زائد نہتے فلسطینی شہری زخمی ہوئے جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
مقامی ذرائع اور طبی ٹیموں نے بتایا کہ قابض اسرائیلی ڈرون نے غزہ شہر کے الدرج محلے میں ایک سکول کی مرکزی گیٹ پر بم گرائے جس کے نتیجے میں عورتیں معصوم بچے اور بزرگ زخمیوں میں شامل ہیں۔
ہمارے نامہ نگار کے مطابق قابض اسرائیلی ڈرون نے مشرقی غزہ کے الدرج محلے میں واقع اسعد الصفطاوی سکول کو براہ راست نشانہ بنایا جہاں ہزاروں بے گھر فلسطینی جنگ کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے پناہ لیے ہوئے ہیں۔
ادھر شمالی غزہ میں بھی تین فلسطینی شہری قابض اسرائیلی ڈرون کے حملے میں شہید کر دیے گئے۔ دوسری جانب قابض اسرائیلی افواج نے وقف فائر کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں اندھادھند گولہ باری فائرنگ اور فلسطینی گھروں کے دھماکے جاری رکھے ہوئے ہیں جس سے شہری آبادی بدستور خوف و ملال کی کیفیت میں مبتلا ہے۔