غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی جنگی طیاروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب غزہ پٹی میں حماس تنظیم کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ یہ کارروائی اُن ’’ دھماکا خیز غباروں‘‘ کے جواب میں کی گئی جو غزہ سے اسرائیلی اراضی کی جانب داغے گئے تھے۔
دوسری جانب فلسطینی سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں حماس کے کئی ٹھکانوں کو پر حملہ کیا۔ کارروائی کے نتیجے میں مادی نقصان ہوا تاہم کسی کے جاں بحق یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
عینی شاہدین کے مطابق حملوں کے دوران غزہ شہر کے جنوب میں حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ’’بدر مرکز‘‘ پر کئی میزائل داغے گئے۔ کارروائی کے نتیجے میں ایک زوردار دھماکا ہوا اور آگ بھڑکنے کے سبب شدید نقصان پہنچا۔
دیگر عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں غزہ پٹی کے جنوبی علاقے خان یونس کے مشرق میں القسام بریگیڈ کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔
ادھر فلسطینی طبی ذریعے کے مطابق منگل کی شب غزہ پٹی کے وسط میں البریج پناہ گزین کیمپ کے مشرق میں واقع سرحدی باڑ کے نزدیک احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی زخمی ہو گئے۔
اس احتجاج میں درجنوں فلسطینی شریک تھے۔ ان میں بعض نے آتش گیر مادے کے حامل غبارے بھی فائر کیے۔