(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )غزہ کی وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے افراد کے کورونا ٹیسٹ کیئے جائیں گے جس کے بعد شہر میں دو طرفہ ٹریفک کی آمدورفت آئندہ جمعرات تک جاری رہے گی۔
صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے گذشتہ 15 سالوں سے غیر قانونی معاشی ناکہ بندی کے شکا ر مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ کے بیرونی دنیا سے زمینی رابطے کا واحد ذریعہ رفح گذرگاہ جو مصر کی سرحد سے ملتی ہے اس کو دو طرفہ ٹریفک کی آمدورفت کیلئے آئندہ چار روز کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
غزہ میں وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے بتایا کہ رفح گذرگاہ کو آئندہ جمعرات تک دو طرفہ آمدو رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے بیرون ملک سے آنے والے افراد کے شہر میں داخلے کے بعد کورونا کے ٹیسٹ کیے جائیں گے اور وائرس سے متاثر نہ ہونے والے افراد کو شہر میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ 15 سالوں سے غزہ کی معاشی ناکہ بندی کی ہوئی ہے جس کے تحت نا کوئی غزہ میں داخل ہوسکتا ہے اور نا ہی غزہ سے باہر جا سکتا ہے تاہم گذشتہ برس مارچ کے بعد رفح گذرگاہ کورونا وبا کی وجہ سے دو طرفہ آمدو رفت کے لیے بند رہی ہے تاہم انتہائی ناگزیر کیسز میں انسانی بنیادوں پر اس گذرگاہ کو کھولا گیا۔