(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ارض مقدس فلسطین کی صہیونی ریاست کے قبضے سے آزادی عالم اسلام اور عرب ممالک کی اجتماعی ذمہ داری ہے، فلسطین کی آزادی اور مشرق وسطیٰ سے مکمل امریکی انخلاء تک دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے ایران کے دارالحکومت تہران کی مسجد میں 8 سال بعد نمازِ جمعہ کی امامت کرائی ، نماز سے قبل اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ خطے کی تمام قوتوں، عرب ممالک اور عالم اسلام کو فلسطین کی آزادی کی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ امریکا کو خطے سے نکالنا اور اس کے ناپاک عزائم کو خطے سے ختم کیئے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے فلسطینیوں کو نہتا کرنے کی مذموم مہم شروع کی ہے تاکہ وہ اپنے دفاع کی صلاحیت کھو دیں۔ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی وفاداری میں لڑنے والے مجاھدین نے غزہ اور یمن کے مزاحمت کاروں کو مدد فراہم کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری وفادار تنظیمیں خطے میں موجود مقدسات کے دفاع اور کمزور عوام کے دفاع کے لیے لڑ رہی ہیں۔ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ امریکا خطے کی عوام اور اقوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے اور بعض حکومتیں اپنا اقتدار بچانے کے لیے امریکا کے پیچھے چل رہےہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا پوری دنیا کی سب سے بڑی برائی ہے۔ امریکا شیطان ہے اور یورپی ممالک اس کے چیلے ہیں۔