(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی دشمن نے بحیرہ روم کی سمت سے میزائل برسائے اور طرطوس میں ہماری فضائی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
شامی میڈیا کے مطابق گذشتہ روز فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فضائیہ شام میں بحیرہ روم کے ساحلی شہر طرطوس پر فضائی حملہ کیا ہے جس میں اب تک کی اطلاعات کےمطابق دو شامی فوجی جاں بحق ہوگئے جبکہ چھ زخمی ہوئے۔
شامی میڈیا نے حملہ کی اطلاع دیتے ہوئے ان مخصوص مقامات کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں جن پر بمباری کی گئی۔ شامی عرب خبر رساں ایجنسی نے ایک فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی دشمن نے بحیرہ روم کی سمت سے میزائل برسائے اور طرطوس میں ہماری فضائی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
اسرائیل نے گزشتہ چند سالوں میں شام میں اہداف پر سینکڑوں حملے کیے ہیں۔ تاہم زیادہ تر ساحلی صوبوں پر بمباری سے گریز کیا گیا ہے ۔ ان علاقوں میں روس کے اہم فوجی اثاثے موجود ہیں۔