(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے فلسطینی باشندے کے گھر کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے خود مسمار کرنے کا حکم دیا ہے بصورت دیگر اسرائیلی بلدیہ گھر کو مسمار کرے گی اور مسماری پر اٹھنے والے اخراجات جرمانے کے ساتھ اس سے وصول کیے جائیں گے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج نے ریاستی جبر کی ظالمانہ پالیسی پرعمل کرتے ہوئےمقبوضہ بیت المقدس میں جبل المکبر کے مقام پر ایک فلسطینی شہری ماجد جعابیص سے اس کا اپنا مکان زبردستی مسمار کرا دیا۔
صیہونی بلدیہ نے ماجد جعابیص کے پانچ ماہ قبل 160 مربع میٹر پربنائے گئے گھر کو غیر قانونی تعمیر کردہ قرارد یتے ہوئے حکم دیا کہ وہ اپنے مکان کو خود مسمار کرے ورنہ مکان کی مسماری پر اٹھنے والے اخراجات جرمانے کے ساتھ اس سے وصول کیے جائیں گے۔
صیہونی ریاست کے اس ظالمانہ حکم پر ماجد جعابیص نے اپنے گھر کو خود مسمار کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی صیہونی فوج نے جبل المکبر میں ایک بیوہ فلسطینی خاتون کے گھر کو بھی غیرقانونی قراردیتے ہوئے مسمار کردیاتھا ۔