(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صہیونی ریاست فلسطینی باشندوں کو الجیب قصبے سے ہجرت پر مجبورکرنے کیلئےہر طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، قابض فوج اس سے قبل بھی قصبے کی ناکہ بندی کرتی رہی ہے تاہم اس مرتبہ دورانیہ طویل ہوگیا ہے۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض صیہونی فوج کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغرب میں واقع الجیب قصبے کی غیر قانونی ناکہ بندی کو 10 روز ہوچکے ہیں اس دوران فلسطینی باشندوں کو قصبے میں آمدورفت پر پابندی عائد ہے۔
یہ قصبہ مقبوضہ فلسطین میں تزویراتی اہمیت کا حامل اہم مقام ہے جس کی وجہ سے یہاں پر صیہونی فوج کی بھاری نفری تعینات رہتی ہے قابض فوج نے اس قصبے پر غیر قانونی صیہونی آبادی ‘گیوات زئیو’ کی تعمیر کی ہے اور یہاں سے فلسطینی باشندوں کو ہجرت پر مجبور کرنے کیلئے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے نام پر اس قصبے کے داخلی اور خارجی راستوں پر پہلے صیہونی فوج کی بھاری نفری تعینات رہتی تھی اور اب پورے قصبے کی نامعلوم وجوہات کی بنا پر ناکہ بندی گذشتہ 10 روز سے جاری ہے اس دوران فلسطینی باشندوں کی آمدورفت پر مکمل پابندی عائد ہے جس کا واضح مقصد صرف فلسطینیوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کرکے اس علاقے سے ہجرت کرنے پر مجبور کرنا ہے۔