(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے فلسطینیوں کی جانب سے گزشتہ 14 سالوں سے بند کی گئی شاہراہ کو کھولنے کیلئے کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے پر وحشیانہ فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی جبکہ آنسو گیس کی شیلنگ سے درجنوں بے ہوش ہوگئے۔
مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی صیہونی آبادکاری کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے ادارے کے رکن اور سماجی کارکن مراد اشتیوی نے بتایا کہ مغربی نابلس میں کفر قدوم کے مقام پر یہودی آباد کاری کے خلاف فلسطینیوں نے گزشتہ 14 سالوں سے بند ایک شاہراہ کے کھولے جانے اور یہودی آباد کاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جس کو منتشر کرنے کیلئے صیہونی فوج نے طاقت کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مراد اشتیوی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے متعدد زخمیوں کو موقع پرطبی امداد فراہم کی گئی۔ گالیاں لگنے کے باعث زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں دو فلسطینیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔