(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)صیہونی فوج نے خطیب و امام مسجد اقصیٰ کے گھر پر حملہ کیا انھیں زدوکوب کیا اور مسجد اقصیٰ کھولنےسے متعلق بیان پر انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز قابض صہیونی فوج کی بڑی تعداد نے تفتیشی کتوں کے ہمراہ مسجد اقصٰی کے خطیب و امام الشیخ عکرمہ صبری کی رہائش گاہ پرچھاپہ مارا گھر میں گھس کرانہیں زدو کوب کیا اور مسجد اقصیٰ نمازیوں کیلئے کھولنے کے بیان پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ۔
ایک روز قبل الشیخ عکرمہ صبری نے اپنے ایک بیان میں یہودی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے ( جو اسرائیلی حکومت کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے صیہونیوں کے قبضے میں ہے اور مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کے دھاوؤں کیلئے اسی دروازے کو استعمال کیا جاتا ہے )کو کھولنے کی اجازت دینے کے مطالبات پر کہا تھا کہ صیہونی آبادکار قبلہ اول میں داخل ہونے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام پر مسجد اقصیٰ کے خلاف سازشوں میں ملوث ہیں اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے حیلے بہانے تراش رہے ہیں۔
انھوں نے صیہونی ریاست کو خبردار کیا تھا کہ اگر صہیونی حکام نے یہودیوں کے لیے مسجد اقصیٰ کا مراکشی دروازہ کھول دیا تو فلسطینی روزہ دار اور نمازی مسجد کے دیگر تمام دروازے کھول کراندر داخل ہوجائیں گے۔