(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی فوج نے مسجد اقصیٰ کے احاطے سے فلسطینی خاتون سيدّہ نفيسہ خويص کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
قابض فورسز نے بیت المقدس کے احاطے سے68 سالہ بزرگ خاتون نفیسہ خویس کو مسجد اقصی کے صحن سے گرفتار کیا۔
مسجد اقصیٰ کے احاطے سے نفیسہ خویس کی گرفتاری پر مشتعل عبادت گزاروں کا کہنا تھا کہ صیہونی فوج کی جانب سے "ہماری گرفتاریاں ، جلاوطنی اوربھاری جرمانے ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتے،فلسطین مسلمانوں کی سرزمین ہے اورمسجد اقصیٰ ایک ایسی جگہ ہے جس پر مسلمانوں کو نماز ادا کرنے کا حق حاصل ہے ،ہم اس قبلہ اول کے تمام ستونوں اور ایک ایک انچ کے محافظ ہیں۔
واضح رہے کہ صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کو قبلہ اول سے بے دخل کرنے کا مجرمانہ سلسلہ جاری ہے صیہونی فوج نے گزشتہ ماہ کے دوران سماجی، سیاسی اور مذہبی 34 شخصیات کو قبلہ اول سے بے دخل کیا ہے، ان معروف افراد میں مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب الشیخ عکرمہ صبری بھی شامل ہیں جن کو اسرائیلی پولیس نے چار ماہ کیلئے قبلہ اول میں داخل ہونے پر پابندی عائد کی ہے۔