(روزنامہ قدس آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی زنداں خانوں میں محبوس سیکڑوں فلسطینی بے گناہ ہونے کے باوجود اسیری کے لمحات گزار رہے ہیں،جس میں کئی قیدیوں نے اپنی کسی بھی فورم پر شنوائی نہ ہونے کے بعد بھوک ہڑتال کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
شروع میں بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کی تعداد سات تھی جو کہ اب بڑھ کر ۱۱ ہو چکی ہے،پیر کے روز مزید تین فلسطینی بھوک ہڑتالیوںمیں شامل ہوئے۔
فلسطینی محکمہ امور برائے اسیران کا کہنا ہے کہ بیت لحم کے الدھیشہ پناہ گزین کیمپ کے محمد نضال ابو عکر اور محمد عطیہ الحسنات جب کہ القدس میں ابو دیس کے حذیفہ حلبیہ نے سوموار کی شام بھوک ہڑتال شروع کی۔
ذرائع کےمطابق 21 سالہ احسان عثمان کا تعلق رام اللہ کے بیت عورت التحتا کے علاقے سے ہے جب کہ 48 سالہ اسیر جعفر عزالدین غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے تعلق رکھتے ہیں۔ دونوں 18 دنوں سے مسلسل انتظامی قید کے خلاف بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دیگر پانچ بھوک ہڑتالی اسیران میں الخلیل کے دو سگے بھائی محمود الفسفوس اور کاید الفسفوس 8 دن سے 26 سلاہ غضنفر ابو عطوان ، 30 سالہ عبدالعزیز سویطی اور 27 سالہ سائد النمورہ 10 دن سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔