(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) عبرانی اخبار نے اعتراف کیا ہے کہ آبادکاروں نے فلسطینی علاقوں پر دھاوا بولا اور فلسطینیوں کو شناخت کرنے کےبعد تشدد کیا ان کے گھروں کی توڑپھوڑ کی۔
فلسطین پر قابض صیہونی ریاست کے ایک عبرانی زبان کے معروف اخبار "ہاریتز” نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ دو روز قبل مقبوضہ بیت المقدس کے مضافاتی علاقوں میں غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کی جانب سے اشتعال انگیز ریلیوں کا آغاز کیا گیا جس میں شدت پسند صیہونی مذہبی پیشواؤں سمیت سیاسی شخصیات بھی شامل تھے۔
اشتعال انگیز ریلیوں نے عرب آبادی والے علاقوں میں داخل ہوکر اسلام اور عرب مخالف نعرے بازی کی، فلسطینیوں کو شناخت کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور فلسطینیوں کے گھروں پر حملے کرکے درو دیواروں کو نقصان پہنچایا۔
اخبار نے اپنی رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ صیہونی غیر قانونی آبادکاروں نے متعدد فلسطینیوں کو شناخت کرنے کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس میں سے ایک فلسطینی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جس کو سر اور پیٹ میں سنجیدہ نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔
مقامی فلسطینی عہدیدار نے اخبار کو بتایا کہ جس وقت صیہونی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینی بستیوں پر منظم حملے کئے جارہے تھے اس وقت فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی تھی تاہم پولیس موقع پرنہیں پہنچی اور نا ہی اب تک اس حوالے سے کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔