(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے باغات میں گھس کر پھلدار درختوں کو کاٹ ڈالا جبکہ املاک کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی گاڑیوں کو بھی چھین لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کے ایک مسلح گروہ نے مقبوضہ وادی اردن کے مقام پر فلسطینیوں کے باغات میں گھس کر زیتون کے پھلدار درختوں کو کاٹ ڈالا املاک کو نقصان پہنچایا اور ایک فلسطینی سےاس کی ملکیتی گاڑی بھی چھین لی ۔
دوسری جانب صیہونی آبادکاروں نے مقبوضہ بیت المقدس کے شہر نابلس کے جنوبی قصبے کفر قلل کے مقام پر فلسطینی اراضی پر غیر قانونی صیہونی آبادکاری اور اپنے قبضے میں لینےکیلئے عارضی خیمےنصب کردیئے ہیں یہ خیمے براکھا یہودی کالونی کی توسیع کےلیےلگائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ نابلس میں براکھا نامی یہودی کالونی 1983میں جنوبی نابلس میں ‘گوش امونمر’ نامی ایک یہودی گروپ نے قائم کی تھی، یہ کالونی سنہ 1982میں پہلے ایک فوجی چوکی کی شکل میں قائم کی گئی اس کے بعد اس کی توسیع کے لیےکفر قلل 3، بورین اور عراق بورین قصبوں کی اراضی بھی اس میں شامل کی گئی۔