(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی جیل حکام کی مجرمانہ غفلت کے باعث کورونا وائرس سےبڑے پیمانے پر مزید قیدیوں کے متاثر ہونے کے خطرات بڑھ گئے۔
قیدی کلب برائے فلسطینی اسیران کے مطابق گذشتہ روز قابض صہیونی عقوبت خانہ دامون جیل میں 15 قیدیوں میں کورونا وائرس کے اثرات پائے گئے ہیں ساتھ ہی جیل کے مزیددوسرے حصوں میں منتقل ہوگئے ہیں جو کہ جیل حکام کی مجرمانہ غفلت کا کھلا ثبوت ہے۔
قیدی کلب کی جانب سے صہیونی عقوبت خانوں میں قیدیوں پرکورونا کی اس نئی افتاد کے باعث ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بیمار قیدیوں اور بالخصوص بزرگوں کی رہائی کے لئے سنجیدہ اور فوری اقدامات کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قابض صہیونی جیلوں میں قیدیوں کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک بین الاقوامی میڈیکل کمیٹی کا دورہ کرایا جائے تاکہ کورونا کے ہاتھوں متاثرہ قیدیوں کو بر وقت علاج کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے ۔
واضح رہے کہ قابض صہیونی جیل انتظامیہ نے جان بوجھ کر مجرمانہ غفلت برتتے ہوئےفلسطینی قیدیوں میں کورونا سے بچاؤ کی تدابیر نہ کرتے ہوئے متاثرہ فلسطینی قیدیوں کو علیحدہ جگہ منتقل نہیں کیا جس کے باعث کورونا مزید قیدیوں میں منتقل ہوتا چلا گیا ہے۔