(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) شرپسند صہیونی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے وسیع رقبے پر پھیلے ہوئے کھیتوں سمیت درجنوں زیتون کے درختوں کو بھی جلاکر راکھ کردیا۔
مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی یہودی آبادکاری اور غیر قانونی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے فلسطینی کارکن غسان دغلس کے مطابق صہیونی آبادکاروں کے ایک مسلح گروپ نے گزشتہ روز مغربی کنارے کے ضلع نابلس کے بورین گاؤں میں حملہ کیا اور گھروں کے شیشے توڑڈالے۔
انھوں نے بتایا کہ فلسطینی بستی پر حملے کے بعد مسلح صہیونی آباد کاروں نے جفعات رونین کی غیرقانونی آباد کار بستی کے قریب فلسطینیوں کی ملکیتی زرعی زمین پر حملہ کیا فلسطینیوں کے کھیتوں کے ساتھ ساتھ زیتون کے درختوں کو جلا کر خاکستر کردیا ۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مشرقی وسطیٰ کیلئے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبے صدی کی ڈیل کے اعلان کے بعدسے صہیونی آبادکاروں کے فلسطینیوں پر حملوںمیں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیاہے اور گزشتہ ایک سال کے دوران فلسطینیوں پر صہیونی آبادکاروں کے کم سے کم 52 حملے دیکھنے میں آئے ہیں ۔