(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امریکی انتخابات میں صدر کے مضبوط امیدار کا کہنا ہے کہ صدر منتخب ہونے کے بعد القدس سے امریکی سفارت خانے کو تل ابیب منتقل نہیں کیا جائے گا ، صدر ٹرمپ کا اقدام قابل قبول ہے ۔
امریکا میں جاری صدارتی مہم کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کے مضبوط صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے انٹرنیٹ پر فنڈ ریزنگ مہم کے دوران اسرائیلی نواز پالیسی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد ان کی اسرائیل کے بارے میں حکمت عملی وہی ہوگی جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہے۔
انھوں نے کہ بہتر یہ تھا کہ جب تک فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان کوئی دیر پا امن معاہدہ طے نہیں پاتا اس وقت تک امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے القدس منتقل نہ کیا جاتا اب چونکہ ایسا ہوگیا ہے لہٰذا ہم القدس سے امریکی سفارت خانے کو واپس تل ابیب نہیں لے جائیں گے۔