(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’بائیڈن انتظامیہ سمجھتی ہے کہ دو ریاستی حل ہی اسرائیل کے ایک یہودی اور جمہوری ریاست کو یقینی بنانے اور ایک جمہوری فلسطینی ریاست کے ساتھ پُرامن طریقے سے رہنے کا واحدحل ہے۔‘
صیہونی ریاست کے معروف عبرانی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ انتھونی بلنکن نے صیہونی ریاست کے وزیرخارجہ گابی اشکنازی سے ٹیلی فونک گفتگو کی ، انھوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ سمجھتی ہے کہ مسئلہ فلسطین کا ’دو ریاستی حل‘ہی اسرائیل کے مستقبل کے لیے بہترین ہے۔
واضح رہے کہ نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے دو ریاستی حل کی حمایت کی تھی تاہم ان سے قبل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کےلیے امن منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یروشلم (بیت المقدس) اسرائیل کا ’’غیر منقسم دارالحکومت‘‘ رہے گا جبکہ فلسطینیوں کو مشرقی یروشلم میں دارالحکومت ملے گا اور مغربی کنارے کو آدھے حصے میں نہیں بانٹا جائے گا۔
تاہم فلسطینیوں نے ایسی کسی بھی تجویز کو مسترد کردیا تھا جو پورے مشرقی یروشلم کو فلسطین کا دارالحکومت نہیں دکھائے کیونکہ اس علاقے میں مسلمانوں، یہودیوں اور عیسائیوں کے مقدس مقامات ہیں۔