(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کے مکینوں اور خاص طور سے فلسطینی نوجوانوں کو صہیونیت کے آگے ڈٹے رہنے پرداد دینا چاہیے۔
لبنان میں اسرائیل کے خلاف بر سر پیکاراسلامی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں انتہا پسند صیہونیوں اور اسرائیلی فوجیوں کا مقابلہ کرنے والے فلسطینی نوجوانوں کی ثابت قدمی پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کے مکینوں اور خاص طور سے فلسطینی نوجوانوں کو داد دینا چاہیے جوخالی ہاتھوں سے، ہر قسم کے مہلک ہتھیاروں سے لیس صیہونی دشمن کے فوجیوں کا ڈٹ کرمقابلہ کررہے ہیں۔
سید حسن نصراللہ نے مسجد الاقصی کے اطراف میں انتہا پسند صیہونیوں اور فلسطینی مسلمانوں کے درمیان جھڑپوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج غرب اردن اور غزہ کے عوام بھی بیت المقدس کے ساتھ یکجہتی اور طاقت کا توازن تبدیل کرنے کے لیے میدان میں اترآئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال غور طلب ہے اور ہمیں ان مسائل سے غافل نہیں رہنا چاہیے۔
حسن نصراللہ نے مزید کہا کہ فلسطینی صورت حال پرتفصیلی بات چیت رمضان المبارک کے آخری عشرے میں منائےجانے والےعالمی یوم القدس کے موقع پر فلسطین کی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی اورصہیونیوں کے ظلم و بر بریت کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے گا۔