(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کا کہنا ہے کہ قابض صیہونی ریاست کی طرف سے طاقت کے بدترین استعمال کے کے باوجود فلسطینی قوم میں مزاحمت کی روح زندہ اور پوری قوت سے موجود ہے۔
گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے العیسویہ میں صیہونی فوج اور فلسطینی نوجوانوں کےد رمیان ہونے والی جھڑپوں پر اپنے ردعمل میں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے ترجمان حازم قاسم کی جانب سےجاری بیان میں قابض صیہونی حکام کے خلاف مزاحمت کرنے والے فلسطینی نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتےہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے العیسویہ میں فلسطینی نوجوانوں کی طرف سے قابض دشمن کے خلاف جوابی حملوں سے ثابت ہوتا ہے کہ فلسطینی عوام میں مزاحمت زندہ ہے اور وہ کسی صورت صیہونی غلامی کو قبول نہیں کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ العیسویہ کے باشندوں نے ثابت کیا ہے کہ فلسطینی قوم میں دشمن کو اپنے وطن سے نکال باہر کرنے کی پوری صلاحیت موجود ہےاور فلسطینی قوم کی مسلسل جدو جہد بالآخر مقبوضہ بیت المقدس کو قابض صہیونی دشمن کےقبضے اور ناجائز تسلط سے آزاد کرانے میں کامیاب ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے العیسویہ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس میں صہیونی فوج نے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے ہوئے متعدد فلسطینیوں کو زخمی اور درجنوں کو گرفتارکیا ۔