(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی حکام کاخیال ہے کہ جو بائیڈن مقبوضہ فلسطین میں صیہونی آبادکاری کی حمایت میں نہیں ہے اس لئے ان کے عہدہ سنبھالنے سے قبل آبادکاری کے منصوبوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔
صیہونی ریاست کے معروف اخبار "اسرائیل ھیوم” میں شائع رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کے زیرانتظام سول انتظامیہ کی نام نہادسپریم کونسل برائے تعمیرات و منصوبہ بندی نے نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کے اقتدار سنبھالنے سے قبل اور ٹرمپ کے آخری ایام میں مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑے پیمانے پر تعمیراتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کی بستیوں میں تعمیراتی کاموں کو حتمی شکل دینے کے لیے اگلے جمعرات کو اہم اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی حکام کو خدشہ ہے کہ نومنتخب امریکی صدر سابق امریکی صدر باراک اوباما کی پالیسز سے ملتی جلتی پالیسز پر عمل پیرا ہوں گے جس میں فلسطین میں غیر قانونی صیہونی آباد کاری کے خلاف سختی آسکتی ہے۔