(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے برطانیہ کے100 سے زائد ارکان پارلیمان کی جانب سے وزیراعظم بورس جانسن سے اسرائیل پر اقتصادی پابندیاں عاید کرنے کے مطالبے کا خیر مقدم کیا ہے۔
صیہونی ریاست کے خلاف برسرپیکار مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ برطانوی ارکان پارلیمان کی جانب سے غرب اردن کو اسرائیل میں شامل کرنے کے خلاف آواز بلند کرنا اور صیہونی ریاست پر اقتصادی پابندیوں کا مطالبہ کرنا قابل تحسین ہے۔
ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ برطانوی حکومت اور عالمی برادری کو فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی ریاست کی توسیع پسندی کے خلاف ایسا ہی جرات مندانہ اور اصولی موقف اختیار کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ 130 برطانوی ارکان پارلیمان جن میں سابق وزراء بھی شامل ہیں نے وزیراعظم کو ایک مشترکہ خط ارسال کیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کے اعلان پر اسرائیلی حکومت پر سخت اقتصادی پابندیاں عاید کریں۔اس مکتوب پر دستخط کرنے والوں میں کنزر ویٹیو پارٹی کے سابق صدر لارڈ باٹین اور سابق وزیرہ انڈرو میشل بھی شامل ہیں۔