(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں پر جاری مظالم، خصوصاً آج التفاح محلے میں بچوں کے قتل عام کے ردعمل میں شہر اسدود پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔
عبرانی میڈیا کے مطابق، غزہ سے تقریباً سات راکٹ داغے گئے جن کے نتیجے میں اسدود، عسقلان اور جنوبی تل ابیب کے علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک راکٹ عسقلان میں براہِ راست گرا، جبکہ دیگر چند راکٹوں کو روکے جانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
حماس کے ترجمان جهاد طہ کا کہنا ہے کہ عسقلان پر راکٹ حملہ صیہونی ریاست کی جاری نسل کشی اور سنگین جرائم کے جواب میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمت دانشمندی کے ساتھ معرکہ لڑ رہی ہے اور اس کے پاس ایسی طاقت ہے جو دشمن کو دفاعی پوزیشن میں لانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
عبرانی چینل 14 کے مطابق، عسقلان پر حملے کے بعد تین زخمیوں کو برزیلائی اسپتال منتقل کیا گیا۔ چینل 13 نے بتایا کہ ایک راکٹ گرنے سے گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
اسرائیلی ویب سائٹ "حدشوت لو تنسزورا” نے رپورٹ کیا کہ ایک راکٹ عسقلان میں ایک عمارت پر گرا جبکہ دوسرا جنوب اسدود میں گرا، اور کچھ میزائلوں کے ٹکڑے گان یفنه میں بھی گرے۔
فلسطینی مزاحمت کے یہ حملے اس بات کا واضح پیغام ہیں کہ غزہ پر مظالم کا جواب مؤثر طریقے سے دیا جائے گا، اور غیر قانونی صیہونی ریاست کو اس کی جارحیت کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔