(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )اردن نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں دیوار براق کے ساتھ کھدائی کی مذمت کرتے ہوئے صحن میں کھدائیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطینی وزارت اوقاف ومذہبی امور کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے تاریخی مراکشی دروازے کےقریب دیوار براق کے مقام پر قابض صیہونی ریاست کی نئی کھدائیوں کے انکشاف پر اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان ضیف اللہ الفائز نے ایک بیان میںکہا کہ صحن براق میں اسرائیل کی کھدائی کی کارروائیاں کھلم کھلا مذہبی اشتعال انگیزی ہے، اسرائیل ایک قابض ریاست کی حیثیت سے بیت المقدس کے مذہبی مقامات کے تقدس کے دفاع اور صحن براق میں جاری کھدائیاں فوری بند کرے۔
الفائز نے اسرائیل پر مسجد اقصیٰ اور حرم قدسی کے دیگر مقدس مقامات کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین کی پابندی کا مطالبہ کیا۔
ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے مشرقی بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے اطراف میں کسی قسم کی یک طرفہ کارروائیوں کی مذمت کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اردن کا محکمہ اوقاف ومسجد اقصیٰ امور مسجد اقصیٰ کے 144 دونم کے علاقے کا کفیل اور سرپرست ہے اور بین الاقوامی قوانین کی رو سے اردن اپنی مذہبی اورآئینی ذمہ داریاںپوری کرنے کا مجاز ہے۔
واضح رہے کہ دیوار براق مسجد اقصیٰ کی مغربی دیوار کا حصہ ہے اور صیہونی زائرین اسے ‘دیوار گریہ’ کا نام دیتے ہیں۔ یہودی یہاں پر مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔