(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) وزارت صحت کا کہنا ہے کہ تین افراد کی ہلاکت کے بعد اسرائیل میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 31 ہوگئی ہے جبکہ متاثرین میں 107کی حالت تشویشنا ہے۔
عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث قابض صیہونی ریاست میں ہلاک ہونے والے صیہونی آبادکاروں کی مجموعی تعداد 31 ہوگئی ہے ، اسرائیلی وزارت صحت کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں مزید تین صیہونی آباد کاروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مرنے والوں کی عمریں 70،78 اور 98 سال تھیں جن کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے اسرائیل میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 6211 ہوگئی ہے جبکہ 66 افراد مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں ۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں کورونا وائرس کی وباء نے اعلیٰ حکومتی عہدیدان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ، اسرائیلی وزیرصحت اور ان کی اہلیہ میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد اس سے ملنے والوں کو احتیاط کی ہدایت جاری کی گئی ہیں جبکہ اسرائیلی وزیراعظم اور اسرائیل خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ بھی قرنطینہ میں چلے گئے ہیں ۔