(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )اردن کےشاہ عبداللہ دوئم کی امریکی صدر کے داماد اور خصوصی مشیر برائے مشرق وسطی جیئرڈ کوشنرکے بعد فلسطینی صدر سے بھی ملاقات،شاہ عبداللہ نے دو ریاستی حل کی طرف جھکاو کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوئم نے گزشتہ روز فلسطینی صدر محمود عباس سے اہم ملاقات کی اور انکو امریکی خصوصی مشیر برائے مشرق وسطی جئیرڈ کوشنر کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب امریکی انتظامیہ کی جانب سے ممکنہ امن منصوبہ پیش کرنے کی تیاری زوروں پر ہے۔
فلسطینی صدر سے ملاقات کے دوران شاہ عبداللہ نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کے اسرائیل ۔فلسطین تنازعے کے حل کے لیے اردن دو ریاستی حل کو ہی سب سے بہتر راستہ سمجھتا ہے اور اردن کا ماننا ہے کہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے سوا اس مسئلہ کو حل کرنے کا کوئی چارا نہیں ہے۔
یاد رہے کہ امریکی خصوصی مشیر برائے مشرق وسطی رواں ہفتے ایک دفعہ پھر مشرق وسطی کے تفصیلی دورے پر پہنچ رہے ہیں جہاں وہ عرب ممالک کے حکمرانوں سے اہم ملاقاتیں کریں گے اور ممکنہ امن منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔