(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی محکمہ اوقاف نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی نگرانی میں مسجد اقصیٰ میں مقام براق کے اطراف میں اسرائیلی انتظامیہ نے نئی کھدائیاں شروع کی ہیں جس کے نتیجے میں مقدس مقام کو سنگین نوعیت کے خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی انتظامیہ نےدیوار براق کےاحاطے کے لیے وقف زمین میں تازہ کھدائیاں کی ہیں۔ کھدائیوں کا سلسلہ مراکشی دروازے کو ملانے والے لکڑی کے پل کے قریب بھی کی گئی ہیں۔فلسطینی محکمہ اوقاف کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ اور اس کے اطراف میں کئی کینال پر پھیلی اراضی قبلہ اوّل ہی کے لیے وقف املاک کا حصہ ہے جس میں قبلہ اوّل کے سوا کسی دوسرے مقصد کے لیے کھدائی کی جاسکتی ہے اور نہ ہی وہاں پر اسرائیل کو کسی قسم کی مداخلت کا حق حاصل ہے۔ صہیونی حکام کی جانب سے جاری کھدائیاں مقدس مقام کے مستقبل کےحوالے سے سخت خطرناک ہیں اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔