حماس ، جہاد اسلامی اور عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین جیسے فلسطین کے اسلامی اور قومی گروہوں کے بیان کے مطابق فلسطینی انتظامیہ نے ایسے عالم میں فرانس کے امن منصوبے کی حمایت کی ہے کہ ابھی اس منصوبے کی تفصیلات معلوم نہیں ہیں حتی اسرائیل اور امریکہ نے کہ جو فلسطینیوں کے ساتھ مذاکرات کرنے والے اصلی فریق ہیں ، اس منصوبے کے بارے میں اپنے موقف کا اعلان نہیں کیا ہے-
فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس، وزیر خارجہ ریاض مالکی اور پی ایل او کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سیکریٹری صائب عریقات جیسے اعلی حکام نے اعلان کیا ہے کہ پی ایل او ، حالیہ دنوں میں امن کے لئے فرانس کے مجوزہ منصوبے کا خیرمقدم کرتی ہے اور فلسطینی انتظامیہ اسے کامیاب بنانے کے لئے تیار ہے-
فرانس کے وزیر خارجہ جان مارک ارو نے گذشتہ ہفتے کہا کہ پیرس تیس مئی دوہزار سولہ میں اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کے لئے بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا-
فرانس امن منصوبہ جو رواں سال دوہزارسولہ میں سامنے آیا، معمولی تبدیلی کے ساتھ ساز باز مذاکرات کی بحالی پر مبنی ہے- یہ منصوبہ گذشتہ برس فلسطینیوں اور صیہونیوں کے درمیان ساز باز مذاکرات کی ناکامی یقینی ہونے کے ایک سال بعد امریکہ کی ثالثی سے سامنے آیا ہے – ساز باز کا عمل چند دور کی گفتگو کے بعد آخرکار مقبوضہ زمینوں میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر پر صیہونی حکومت کے اصرار کے باعث ٹھپ پڑ گئے تھے-
بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ زمینوں پر اسرائیل کی جانب سے کالونیوں کی تعمیر غیرقانونی ہے لیکن صیہونی حکومت فلسطینی علاقوں میں کالونیوں کی تعمیر کے ذریعے آبادی کا تانا بانا صیہونیوں کے حق میں تبدیل کرنا چاہتی ہے-
ان حالات میں فلسطینی گروہ اورعوام، فلسطینی انتظامیہ پر امریکہ اور صیہونی حکومت سے تعاون کی امید رکھنے کے سبب تنقید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ فلسطینی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ ساز باز مذاکرات اور بین الاقوامی قراردادوں سے امید وابستہ کرنے کے بجائے فلسطینی عوام کی امنگوں کے حصول کے لئے فلسطین کے عوامی اور جہادی گروہوں کے ساتھ تعاون اور تحریک انتفاضہ کی حمایت کو اپنی ترجیحات میں قرار دے-
فلسطینی گروہ ، اسرائیل کے ساتھ خود مذاکرات کو ہی لاحاصل قرار دیتے ہوئے فرانس کے امن منصوبے کو گذشتہ پچیس برس میں مشرق وسطی امن مذاکرات اور امریکی منصوبے جیسا ہی سمجھتے ہیں کہ جو مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کے جنگی جرائم کو بھی نہیں روک سکے ہیں-