(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی حکومت کے وزیر ٹرانسپورٹ نے تحریک انتفاضۂ قدس کو روکنے کی غرض سے فلسطینیوں کو جلاوطن کرنےکا مطالبہ کیا ہے- ” یسرائیل کاٹز Yisrael KATZ ” نے اسرائیلی ریڈیو کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ فلسطینی مجاہدین کو، جو مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلیوں کے خلاف کاروائیاں انجام دے رہے ہیں انہیں غزہ یا شام منتقل کردیا جائے- اس سے قبل صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتنیاھو نے بھی اپنے قانونی مشیر سے کہا تھا کہ وہ مقبوضہ سرزمینوں میں صیہونیوں کے خلاف کاروائیاں انجام دینے والوں کو غزہ جلا وطن کئے جانے کے بارے میں غور کریں- در ایں اثنا مزاحمتی کاروائیاں انجام دینے والوں کے گھروں کو مسمار کرنا اور ان کے خلاف سخت عدالتی فیصلے سنانا وہ اقدامات ہیں کہ جن پر صیہونی حکومت، انتفاضہ قدس کو سرکوب کرنے کے لئے بھرپور طریقے سےعمل کر رہی ہے- اکتوبر دوہزار پندرہ کے اوائل سے، فلسطین کے مختلف علاقوں میں صیہونی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں، بیت المقدس کے تشخص کو تبدیل کرنے اور مسجد الاقصی کو زمان و مکان کے اعتبار سے تقسیم کرنے کےخلاف، فلسطینی عوام سراپا احتجاج ہیں اور وہ صہیونی حکومت کی پالیسیوں کی مذمت میں مظاہرے کر رہے ہیں اور یہ مظاہرے اوراحتجاجات، نئی تحریک انتفاضہ کے نام سے معروف ہوئے ہیں- فلسطینیوں کو زیادہ سے زیادہ سرکوب کرنے کی صیہونی حکومت کی پالیسی ایسے عالم میں جاری ہے کہ اس غاصب حکومت کی جارحیت اور تشدد کے نتیجے میں گذشتہ چند مہینوں کے دوران دوسو فلسطینی شہید ہوچکے ہیں- صہیونی حکومت کے اقدامات نے ایک بار پھر اس حکومت کی جارحانہ اور تشدد پسندانہ ماہیت کو رائے عامہ پر آشکارہ کردیا ہے- اور یہ ایسی حالت میں ہے کہ رائے عامہ کو ماضی سے زیادہ فلسطینیوں کی صورتحال کے مزید خطرناک اور ابتر ہونے سے تشویش لاحق ہے- صیہونی حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی کنوینشنوں کو نظر انداز کرنے کے باعث، عالمی رائے عامہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتاہے- یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکی حکومت اور بعض مغربی حکومتوں کی مداخلتوں اور خلاف ورزیوں نیز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خاموشی کے باعث، اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی رپورٹوں کا جائزہ نہیں لیا گیا ہے اور عملی طورپر صہیونی حکومت کے خلاف ٹھوس تدابیر نہیں اپنائی گئی ہیں اور یہی رویہ اس بات کا سبب بنا ہے کہ صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات میں دن بدن تیزی آرہی ہے اور وہ مزید گستاخ ہوتی جارہی ہے- فلسطین کی سرزمین کی تاریخ، تو سیع پسندی اور فلسطینیوں کی سرکوبی سے بھری ہوئی ہے کہ جو اس سرزمین کے مظلوم عوام کے خلاف صیہونی حکومت روا رکھے ہوئے ہے- ان اقدامات پر نظر ڈالنے سے یہ بات یقین کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ صیہونی حکومت فلسطینی عوام کے خلاف بدترین سلوک کر رہی ہے اور وہ فلسیطینوں کے حقوق کو مکمل طور پر پامال کرنے کے درپے ہے- اگرچہ صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف رائے عامہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے لیکن اس غاصب حکومت کے لئے امریکہ کی حمایت بھی پوری شدت سے جاری ہے- صیہونی حکومت کے لئے امریکہ کی حمایت، اس غاصب حکومت کو واشنگٹن کی جانب سے ہری جھنڈی دکھانے کے مترادف ہے- اور یہی سبب ہے کہ غاصب حکومت امریکہ کی کھلی حمایت کے نتیجے، اپنے توسیع پسندانہ اور ہٹ دھرمانہ اقدامات میں شدت لا رہی ہے- فلسطین کے حالات میں قابل غور نکتہ یہ ہے کہ فلسطینی عوام، صیہونی حکومت کے مقابلے میں اپنی مزاحمت و استقامت جاری رکھنے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہیں- یہی سبب ہے کہ صہیونی حکومت، امریکہ کی حمایت سے، فلسطینیوں کی شدید سرکوبی انجام دینے کے باوجود، فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ کو روکنے میں ناکام رہی ہے اور فلسطینی عوام کی وسیع پیمانے پر جاری تحریک نے امریکی اور صیہونی حکام کو مایوس کردیا ہے-