(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ)ایرانی صدر مسعود پزشکیاں نے کہا ہے کہ قطر پر قابض اسرائیلی حملہ کھلی دہشت گردی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
دوحا میں ہنگامی عرب، اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے کہا کہ صہیونی ریاست کے قطر پر حملے کا مقصد غزہ میں نسل کشی رکوانے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب کوئی ملک بھی قابض اسرائیل کی جارحیت سے بچا ہوا نہیں ہے، تل ابیب کی لگام تھامنے کےلیے مسلم ممالک کے اتحاد کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
مسعود پزشکیاں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے صہیونی رہنماؤں کا محاسبہ ہونا چاہیے، دوحا پر قابض اسرائیلی حملہ سرخ لکیر سے تجاوز ہے۔
اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان، وزیراعظم شہباز شریف، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی خطا ب کیا۔