(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صہیونی فوج کی جانب سے ایک اور کارروائی،اریحا کے علاقے سے فلسطینی اتھارٹی کی سیکورٹی فورسز کے تین آفیسرز کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلسطینی اتھارٹی کے آفیسرز کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ اریحا نامی قصبے سے اپنا دفتری کام ختم کر کے جنین کے جنوبی قصبے قباطیہ میں واقع اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی اتھارٹی کے سیکورٹی افسران کو اس وقت روکا جب وہ الحمرا چوکی کے قریب تھے اور انکو تلاشی کے بعد نامعلوم مقام منتقل کر دیا۔
گرفتارافسران کی شناخت نورالدین ابو الرب، محمد زکارنہ، احمد زکارنہ کے ناموں سے ہوئی۔ انکی گرفتاری کی وجہ تا حال معلوم نہیں ہوسکی۔