(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مسلمہ امہ کی دشمن اسرائیلی ریاست اور خلیجی ریاست بحرین کے درمیان خفیہ دوستی کھل کر سامنے آگئی جب بحرین کے وزیر خارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ نے گزشتہ روز جمعرات کو اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز سے امریکہ میں ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ جمعرات کے روز اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز اور بحرینی وزیر خارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ نے امریکہ میں ایک خفیہ ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو آگے بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی ۔
عبرانی ٹی وی چینل 14 کے مطابق یہ ملاقات امریکی خصوصی ایلچی برائے ایران برائن ہک کی کوششوں کے نتیجے میں ہوئی ،یاد رہےکہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ واشنگٹن میں مذہبی آزادی سے متعلق ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ دونوں رہ نمائوںنے مختصر ملاقات میں مصافحہ کیا، خوش گوار موڈ میں یادگار تصاویر بنوائیں تاہم اس ملاقات کی مزید تفصیل سامنے نہیں آسکی۔
ادھر مشرق وسطیٰ کےلیے امریکی ایلچی جیسن گرین بیلٹ نے جمعرات کو ‘ٹویٹر’ پر اپنے صفحے پرایک پوسٹ شیئر کر کے دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کی تصدیق کر دی اس پوسٹ میں موجود تصویر میں بحرینی وزیرخارجہ آل خلیفہ اور ان کے اسرائیلی ہم منصب یسرائیل کاٹز کوایک ساتھ کھڑے خوش گوارموڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ جیسن گرین بیلٹ نے اس ملاقات کوشاندار قراردیا اور لکھا کہ رواں ہفتے بحرینی اوراسرائیلی وزراء خارجہ کی ملاقات خطے میں ایک اچھی پیش رفت ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کے آخر میں بحرین کے شہر منامہ میں امریکا کی دعوت پرمشرق وسطیٰ کے لیے ایک معاشی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس نام نہاد اقتصادی کانفرنس میں فلسطینیوں کو بعض معاشی مراعات دے کران کے سیاسی حقوق دبانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی تاہم فلسطینی قیادت اور دیگر عرب ممالک نے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسکو مسترد کر دیا تھا۔