(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے اسرائیلی پراپرٹی ٹیکس کپمنسیشن فنڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے آغاز سے اب تک 8 ہزار 190 قابض اسرائیلی شہری اپنے گھروں سے بےدخل ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق میزائل حملوں سے عمارتوں، گاڑیوں، ذاتی اشیا اور دیگر سامان کو پہنچنے والے نقصان پر 30 ہزار سے زائد کلیمز بھی جمع کروائے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ ایران اور قابض اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ کا آغاز 13 جون کو ہوا جب صہیونی ریاست اسرائیل نے ایران کے مختلف مقامات بشمول فوجی اور جوہری تنصیبات پر فضائی حملے کیے۔ جواباً ایران نے بھی قابض اسرائیلی علاقوں پر میزائل برسائے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق قابض اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ایرانی میزائل حملوں میں کم از کم 25 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک ایران میں 639 افراد شہید اور 1300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔