(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کی اعلیٰ قبائلی امور کونسل نے غزہ کے بے گناہ شہریوں سے فوری طور پر ان مقامات پر جانے سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے جہاں انسانی امداد کی تقسیم کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ کونسل نے خبردار کیا ہے کہ یہ جگہیں درحقیقت خونریزی کے جال اور قاتلانہ حملوں کی آماجگاہ بن چکی ہیں، جہاں سینکڑوں نہتے فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
کونسل نے کہا کہ عالمی اداروں کے ساتھ مربوط کوششیں جاری ہیں تاکہ انسانی امداد کو محفوظ اور باوقار طریقے سے داخل کیا جا سکے اور یہ امداد قابل اعتماد ذرائع سے اس طرح تقسیم کی جائے کہ فلسطینی عوام کی عزت و وقار کا مکمل خیال رکھا جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو چاہیے کہ وہ خطرناک اور پرہجوم سرحدی علاقوں کی طرف بے ترتیب جانے سے گریز کریں تاکہ امداد کی ترسیل کے لیے متعلقہ حکام اور انسانی تنظیموں کو مکمل آزادی اور سہولت حاصل ہو سکے اور وہ انصاف اور حفاظت کے ساتھ ہر مستحق تک امداد پہنچا سکیں۔
کونسل نے واضح کیا کہ اس نازک وقت میں جانوں کا تحفظ ایک قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ عوامی اتحاد اور قومی و انسانی کوششوں کی حمایت ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے اس مصیبت سے نکل کر اس خونریزی کو روکا جا سکتا ہے۔
یہ پیغام فلسطینیوں کی حفاظت، ان کی عزت، اور ان کے حقِ حیات کی پاسداری کا عزم ہےجو قابض ریاست کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف ایک مظلوم لیکن پرعزم قوم کی احتجاجی آواز بھی ہے۔