(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات پر ایک وسیع اور وحشیانہ فضائی حملہ کیا ہے، جسے خطے میں طویل عرصے سے جاری کشیدگی کے دوران سب سے شدید کارروائیوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
ان حملوں نے نہ صرف رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا بلکہ ہزاروں بے گناہ شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا، جس سے قابض ریاست کی جانب سے انسانی جانوں کی بے حرمتی ایک بار پھر عیاں ہو گئی ہے۔لبنانی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض اسرائیلی طیاروں نے جمعرات کی شام جنوبی بیروت کے گنجان آباد علاقوں، جن میں الحدث، حارہ حریک، اور برج البراجنہ شامل ہیں، پر کم از کم دس فضائی حملے کیے۔ یہ علاقے حزب اللہ کے مضبوط گڑھ سمجھے جاتے ہیں، لیکن ان حملوں کی زد میں آنے والی عمارتیں اور سڑکیں عام شہریوں سے بھری ہوئی تھیں۔
قابض فوج نے ان حملوں سے قبل کچھ عمارتوں کو خالی کرنے کی وارننگ جاری کی تھی، جس کے بعد ان علاقوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں اور افراتفری کے مناظر دیکھنے میں آئے، جو قابض صہیونی ریاست کی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
یہ وحشیانہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب جنوبی لبنان میں پہلے ہی کشیدگی عروج پر ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران قابض صہیونی فوج نے جنوبی لبنان پر ہزاروں فضائی اور زمینی حملے کیے جن کے نتیجے میں کم از کم دو سو آٹھ افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔
ان حملوں میں شہری آبادی اور انتظامی ڈھنچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ۔ اسی دوران، لبنانی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقے بنت جبیل کی بلدیہ یارون میں قابض صہیونی فوج کا نصب کردہ ایک جدید جاسوسی آلہ بھی برآمد کر کے ناکارہ بنایا، جو لبنان کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بیروت پر یہ تازہ ترین اور وسیع حملہ قابض ریاست کے ان عزائم کو ظاہر کرتا ہے جو نہ صرف فلسطینیوں کی نسل کشی تک محدود ہیں بلکہ پورے خطے کو جنگ کی آگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔
عالمی برادری کی خاموشی اور بے عملی نے قابض صہیونی فوج کو مزید جارحیت کی شہ دی ہے۔ تاہم، لبنانی عوام اور فلسطینی آزاد ی کی حمایت کرنے والی مزاحمتی قوتوں کا عزم غیر متزلزل ہے۔ یہ حملے قابض دشمن کی بربریت اور بین الاقوامی قوانین کی ناکامی کی علامت ہیں، لیکن یہ مزاحمت کے جذبے کو کمزور نہیں کر سکتے۔