(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنے سالانہ حج پیغام میں مسلم ممالک سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ قابض صہیونی حکومت کی ہر طرح کی حمایت اور امداد فوری طور پر روک دیں اور اسے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف جاری وحشیانہ کارروائیوں سے باز رکھیں۔
ایران کے سپریم لیڈر نے جمعرات کو جاری کیے گئے اپنے پیغام میں دنیا بھر سے مکہ مکرمہ میں جمع ہونے والے لاکھوں مسلم حجاج سے اپیل کی کہ وہ مناسک حج کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے حکمرانوں پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ غزہ اور مغربی ایشیا میں جاری انسانیت سوز بحرانوں کے حوالے سے اپنی شرعی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کریں۔آیت اللہ خامنہ ای نے سخت الفاظ میں خبردار کیا کہ قابض اور مجرم صہیونی حکومت نے غزہ میں انسانی المیے کو ناقابلِ تصور حد تک پہنچا دیا ہے، اور وہ مسلسل انتہائی بربریت اور خوفناک ظلم کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے واضح طور پر کہا کہ امریکہ قابض صہیونی حکومت کے جرائم میں ایک "یقینی شریک” ہے، اور خطے میں اس کے اتحادیوں سمیت دیگر مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوموں کی حمایت سے متعلق قرآنِ کریم کے پیغام پر عمل کریں اور امریکہ کو اس کے ظالمانہ رویے سے باز آنے پر مجبور کریں۔
آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے غزہ کے عوام کی "معجزانہ” مزاحمت کو خراج تحسین پیش کیا، جس نے مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کی اولین ترجیح بنا دیا ہے۔انہوں نے "مقررین اور بااثر شخصیات” کو مخاطب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کریں تاکہ عالمی سطح پر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی جا سکے۔