(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) یمن کی جانب سے مقبوضہ علاقوں پر ایک اور میزائل حملہ کیا گیا جس کے بعد خطرے کے سائرن بج اُٹھے اور قدس میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
تفصیلات کے مطابق صہیونی اخبار یدیعوت آحارونوت نے رپورٹ کیا کہ حملے کے ساتھ ہی لاکھوں صہیونی شہری پناہ گاہوں کی طرف دوڑ پڑے۔ تقریباً چالیس لاکھ افراد اب بھی پناہ گاہوں میں موجود ہیں۔رپورٹس کے مطابق یمنی فوج کے میزائل حملے کے بعد مقبوضہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ بن گوریون ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئ۔
یمن کی وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ صہیونی جارحیت کا جواب دیا جاتا رہے گا اور قابض اسرائیل کو سخت ترین سبق سکھایا جائے گا۔ یمنی حکام نے کہا کہ سفاکانہ اسرائیلی حملے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
قابل ذکر ہے کہ آج ہی صنعاء پر ظالمانہ اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم آٹھ افراد شہید اور ایک سو بیالیس زخمی ہوئے ہیں۔