ہسپانوی بادشاہ: غزہ میں فوری طور پر خونریزی بند کی جائے
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم سکولوں اور ہسپتالوں کی تباہی، معصوم شہریوں کے قتل اور انہیں بھوک سے قتل کرنے جیسے انسانیت سوز جرائم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔
(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) ہسپانوی بادشاہ فلپ ششم نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری قتل و غارت گری اور تباہی انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والی حقیقت ہے اور یہ عالمی برادری کے ماتھے پربدنما داغ ہے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والی خونریز کارروائیوں کو فوری طور پر روکا جائے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم سکولوں اور ہسپتالوں کی تباہی، معصوم شہریوں کے قتل اور انہیں بھوک سے قتل کرنے جیسے انسانیت سوز جرائم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کو تسلیم کیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں امن اور استحکام کو تقویت ملے۔
ہسپانوی بادشاہ نے قابض اسرائیل کی خلاف ورزیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ غزہ میں قتل و خونریزی فوری طور پر بند ہونی چاہیے اور تمام قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام تک ہنگامی بنیادوں پر انسانی امداد پہنچائی جائے اور عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے۔
بادشاہ فلپ ششم نے اپنی تقریر میں جمہوریت کی پسپائی اور اقوام کے درمیان بقائے باہمی کی اقدار سے دوری پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں اقوام متحدہ کا کردار ناگزیر ہے اور ہسپانیہ عالمی قانون کی بنیاد پر منصفانہ اور پائیدار امن کی کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے قابض اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ قتل بند کرو۔