(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما میرواعظ محمد عمر فاروق نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا خوش آئند قدم ہے، دنیا کو فلسطینی عوام پر ڈھائے جا رہے مظالم کا ادراک کرنا ہوگا۔
میر واعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے ایکس پر اپنے ایک بیان پر کہا کہ کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا اور پرتگال کی جانب سے فلسطین کو ایک ریاست کے طور پر تسلیم کیا جانا ایک خوش آئند اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔
فلسطینی عوام کی مصیبتیں صبر و برداشت کی تمام حدیں پار کر چکی ہیں لیکن عالمی طاقتیں اب تک اس پر غیر متحرک دکھائی دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایسے اقدامات ایک منصفانہ اور دیرپا حل کی راہ ہموار کریں گے جو محصور فلسطینیوں کو راحت پہنچائے انہیں ان کا دیرینہ انصاف دلائے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو۔
میر واعظ مزید نے کہا کہ ہماری دعا اور امید ہے کہ مزید ممالک اس ناانصافی اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جا رہے نسل کشی کے مظالم کو سمجھیں اور فلسطینی عوام کی اپنی سر زمین پر جائز حقوق کو تسلیم کریں۔