ملائیشیا کا قابض اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ ، حماس کا خیرمقدم
حماس نے ایک بیان میں عرب ممالک زور دیا کہ وہ اس مطالبے کو اپنائیں اور اقوام متحدہ میں تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے اس مجرم صہیونی ریاست کی رکنیت معطل اور پابندیاں عائد کرنے کے لیے کام کریں
(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے اقوام متحدہ میں قابض اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے اور اس پر پابندیاں عائد کرنے کے ملائیشیا کے مطالبے کو سراہا ہے۔
حماس نے ایک بیان میں عرب اور اسلامی ممالک اور دنیا کی آزاد اقوام پر زور دیا کہ وہ اس مطالبے کو اپنائیں اور اقوام متحدہ میں تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے اس مجرم صہیونی ریاست کی رکنیت معطل کرنے اور اس پر پابندیاں عائد کرنے کے لیے کام کریں تاکہ وہ ہمارے فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی اور فاقہ کشی کے جاری جرائم کو روک سکے۔
عالمی میڈیا کے مطابق ملائیشیا نے آج جمعہ کے روز ایک بار پھر عالمی برادری سے اقوام متحدہ میں قابض اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے اور اس پر پابندیاں عائد کرنے کی اپیل کی ہے۔
ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد حسن نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ملائیشیا نے گذشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یہ معاملہ اٹھایا تھا اور وہ آئندہ اجلاس میں اس مطالبے کو دہرائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ میں قابض اسرائیل کی رکنیت معطل کی جائے اور تمام ممالک اس پر پابندیاں عائد کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قابض اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کا مطلب اس کی طرف اسلحے کی ترسیل کو محدود کرنا ہو گا۔
حسن نے نشاندہی کی کہ عالمی برادری کی اکثریت نے قابض اسرائیل کو غزہ کی پٹی پر قبضہ اور اسے تباہ کرنے کے اپنے منصوبے پر عمل درآمد کرنے سے روکنے کے لیے واضح طور پر مطالبہ کیا ہے۔