(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صہیونی ریاست نے ایک دفعہ پھر بے حسی کی تمام سرحدیں عبور کرتے ہوئے بیت المقد س میں فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکڑوں اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے بیت المقدس کے نواح میں میں واقع فلسطینی قصبے صور باہر میں فلسطینیوں کے مکانات کو منہدم کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔جس کے لیے وہ بلڈوزر اور دیگر بھاری مشینری کی مدد لے رہے ہیں۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اس گاؤں کو سیکورٹی تحفظات کی بنا پر مسمار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق صور باہر مقبوضہ القدس کے جنوب مشرق میں واقع ہے اور اس کی آبادی پندرہ سے بیس ہزار کے درمیان بتائی جاتی ہے۔ یہ فلسطینی اتھارٹی کی حدود میں واقع ہے۔ اسرائیلی فوج کی اس جارحانہ کارروائی پر فلسطینی اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ یہ بیرئیر کے روٹ میں آنے والے دوسرے فلسطینی دیہات اور قصبوں کے لیے بھی ایک مثال بن جائے گی اور صہیونی فورسز وہاں بھی مکانوں کوسکیورٹی کے نام پر گرا سکتی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے پہلے ایک دو منزلہ مکان کو مسمار کیا اور پھر کثیر منزلہ نا مکمل عمارت کو ڈھایا تھا۔ صور باہر کے کمیونٹی لیڈر حمدہ حمدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی علی الصباح دو بجے لوگوں کو ان کے مکانوں سے زبردستی نکالنے لگے تھے۔ اس کے بعد انھوں مسمار کیے جانے والے مکانوں میں دھماکا خیز مواد لگانا شروع کر دیا۔
ان کی اس کارروائی کی فلسطینیوں، اسرائیلیوں اور بین الاقوامی کارکنان نے تصاویر اور ویڈیو بنائی ہیں۔ ان کارکنان نے قابض فوج کی اس ریاستی دہشت گردی کو رکوانے کی کوشش کی تھی مگر صہیونی فوجیوں نے انھیں زبردستی پیچھے ہٹا دیا گیا۔