(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی حکام کی فلسطینی علما کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ، مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب اور فلسطین کی سپریم اسلامی کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری کو کئی گھنٹے حراستی مرکز میں حبس بے جا میں رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی پولیس نے گزشتہ روز خفیہ اہلکاروں کے ہمراہ مسجد اقصی کے امام الشیخ عکرمہ صبری کو بیت المقدس میں انکی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا تھا جہاں سے انکو ‘المسکوبیہ’ حراستی مرکزمنتقل کردیا تھا۔
الشیخ کی گرفتاری کے بعد ان کے وکیل حمزہ قطینہ نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ قابض صہیونی حکام نے کئی گھنٹے تک ان کے موکل کو حبس بے جا میں رکھا اور ان سے ظالمانہ انداز میں تفتیش کرتے رہے۔
تاہم آج صبح الشیخ کو حراست ختم کر کے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔