(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطینی صدر محمود عباس نےاسرائیل کے ساتھ معاہدوں کی منسوخی کے اعلانات پر عمل درآمد شروع کردیا۔اسرائیلی ریڈیو نے دعوی کیا ہے کہ فلسطینی صدر نے اپنے سیکورٹی آفیشلز کو اسرائیل سے فوجی تعاون رکھنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی پولیس کی ریڈیو سروس ‘ کان’ نے دعوی کیا ہے کہ فلسطینی صدر نے دو روز قبل فلسطین اتھارٹی کے اہم اجلاس میں اسرائیل سے معاہدوں کی منسوخی کے جو فیصلے کیے تھے ۔ان پر عمل در آمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ریڈیو کے مطابق محمود عباس نے فلسطین کے اعلی سیکورٹی حکام سے کہا ہے کہ اسرائیل سے جاری فوجی تعاون کو فوری طور پر ختم کردیا جائے۔
رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ ابھی یہ بات سرکاری طور پر افشاں نہیں کی گئی اور رام اللہ یا تل ابیت اس کی تصدیق یا تردید سے گریزاں ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل فلسطینی اتھارٹی کے اہم اجلاس کے بعد فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطینی قیادت اب اسرائیل سے کیے گئے امن معاہدوں کی پابند نہیں رہی اور ہم اب اسرائیل کے خلاف ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔
رام اللہ میں ہونے والے فلسطینی قیادت کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ حالیہ اسرائیلی بربریت اور فلسطینی گھروں کے مسماری جیسے ظالمانہ عمل کے بعد فلسطینی قیادت اسرائیل سے کیے گئے امن معاہدوں کی پابند نہیں رہی ہے۔
اجلاس کے دوران انہوں نے ایک نئی کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا جو اسرائیل سے ماضی میں کئے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کرے گی اور آئندہ کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لے گی۔